ایس او پی کی خلاف ورزی؛ ملک میں کئی بڑی مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ

SOP Markets Closed

SOP Markets Closed

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ ایس او پی کی خلاف ورزی پر ملک میں کئی بڑی مارکیٹیں آج بند کردی جائیں گی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ایس او پی فالو نہ کرنے پر پورے ملک میں کئی بڑی مارکیٹیں آج بند کردی جائیں گی، پنجاب اور کے پی کے میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، ہم سب کو ہر صورت ایس او پیز فالو کرنے ہوں گے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب نے عوام کی جانب سے لاک ڈاؤن کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر حکومت پنجاب کے ایکشن سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کورونا کیسز کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی سمیت بڑے شہروں کے بڑے بازار آج سے بند کرائے جارہے ہیں۔

دوسری جانب راولپنڈی میں دکانیں سیل کرنے کے لئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر اور کینٹ میں یہ ٹیمیں پونے7 بجے آپریشن کے لئے نکلیں گی، شام 7 بجے کے بعد کھولی گئی دکانیں اور مارکیٹیں سیل کر دی جائیں گی۔