ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے مزید 4 گولڈ میڈل حاصل کر لیے

South Asian Games

South Asian Games

کھٹمنڈو (اصل میڈیا ڈیسک) نیپال میں جاری 13ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے مزید 4 گولڈ میڈل حاصل کر لیے، ایونٹ میں پاکستان کے مجموعی طلائی تمغوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

نیپال کے شہروں کھٹمنڈو اور پوکھارا میں جاری ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس 6 گولڈ ، 11 سلور اور 15 برانز میڈلز اپنے نام کرچکے ہیں۔

منگل کو پاکستان نے 4 گولڈ میڈلز اپنے نام کیے، پاکستان کے چیمپئن کراٹیکاز ، سعدی عباس نے پاکستان کے لیے مائنس 75 کے جی ویٹ کیٹیگری میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔

تائیکوانڈو میں پاکستان کے شاہ زیب نے 54 کلوگرام کے مقابلوں میں طلائی تمغہ جیتا۔جب کہ تائیکوانڈو میں سدرہ بتول اور محمد فہیم نے چاندی کے تمغے حاصل کیے ۔

پاکستانی کراٹیکاز نصیر احمد، ثناء کوثر اور کلثوم ہزارہ نے اپنی ویٹ کیٹیگریز میں سلور میڈلز حاصل کیے جب کہ ناز گل نے برانز میڈل جیتا۔

شوٹنگ
پاکستان نے شوٹنگ کے مقابلوں میں بھی 2گولڈ میڈلز جیتے، خلیل اختر، غلام مصطفٰی بشیر اور مقبول حسین پر مشتمل پاکستان ٹیم نے سینٹر فائر پسٹل جب کہ غفران عادل، عاقب لطیف اور ذیشان شاکر نے تھری پوزیشن رائفل ٹیم ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتا۔

شوٹنگ میں ہی خلیل اختر نے سینٹر فائر پسٹل کے انفرادی مقابلوں میں کانسی کا تمغہ جیتا۔

والی بال
پاکستان والی بال ٹیم کو فائنل میں بھارت کے ہاتھوں 1-3 کی شکست ہوئی جس کے بعد وہ سلور میڈل کی حقدار قرار پائی۔

100 میٹر دوڑ میں پاکستان کے سمیع اللہ نے برانز میڈل حاصل کیا۔

سمیع اللہ نے 100 میٹر دوڑ میں برانز میڈل حاصل کیا،فوٹو:جیو نیوز
بیڈمنٹن و ٹینس
بیڈمنٹن میں مینز اور ویمنز ٹیمیں بھی سیمی فائنل میں شکست کے بعد برانز میڈل کی حقدار قرار پائیں۔

ٹینس میں پاکستان ٹیم سری لنکا کو سیمی فائنل میں شکست دینے کے بعد مینز ٹینس ٹیم ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئی، پاکستان کی جانب سے عابد اور مزمل نے کامیابیاں حاصل کیں۔

دوسری جانب خواتین کے انفرادی بیڈمنٹن مقابلوں میں پاکستان کی پلوشہ بشیر اور ماحور شہزاد نے ابتدائی راؤنڈز میں کامیابی حاصل کرلی۔