سینٹ لوشیا: پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز،سیریز کا آخری معرکہ کل ہوگا

Pakistan v West Indies

Pakistan v West Indies

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پانچ میچز کی سیریز کا آخری اور اہم معرکہ کل سینٹ لوشیا میں ہوگا۔ گرین شرٹس سیریز جیتنے اور ویسٹ انڈیز بچانے کے لئے میدان میں اتریں گے۔ ویسٹ انڈیز کا انیس سو اٹھاسی کے بعد سے پاکستان کے خلاف ہوم گراونڈ پر ون ڈے سیریز جیتنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔

لیکن سیریز بچانے کے لئے میزبان ٹیم کے پاس آخری موقع ہے اور میچ بھی آخری ہے۔ سیریز پاکستان کے نام ہوگی یا ڈرا ہوجائے گی۔ بارش کے سبب میچ نہ ہوا تو بھی قومی ٹیم سیریز لے اڑے گی۔ اس میدان پر پاکستانی شاہینوں کا ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ ابھی تک برقرار ہے۔ ویسٹ انڈیز اب تک پاکستان کو یہاں شکست نہیں دے سکا ہے۔ پانچ میچز میں میزبان ٹیم ناکام ہوئی ایک میچ ٹائی ہوا۔

سیریز میں پاکستانی بیٹسمین کی جانب سے تو کوئی سینچری نہیں بن سکی لیکن قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق سیریز کے دوسرے نمبر کے ٹاپ اسکورر ہیں۔ وہ چار میچز میں تین نصف سینچریاں بنا چکے ہیں۔ مصباح الحق کہتے ہیں کہ چوتھا ون ڈے جیت کر کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ آخری ون ڈے میں فتح کے لئے میدان میں اتریں گے۔

دوسری جانب ویسٹ انڈین کپتان ڈوائن براوو کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ہارنے کے لئے اب کچھ نہیں کھلاڑیوں کو سیریز بچانی ہے تو سر دھڑ کی بازی لگانا ہوگی۔ تینوں شعبوں میں ٹیم کو غیر معمولی کھیل پیش کرنا ہوگا۔ براوو نے کہا کہ پاکستان سے آخری معرکہ کانٹے دار ہوگا۔