سینٹ لوشیا: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کل تیسرے ون ڈے میں آمنے سامنے

Third ODI

Third ODI

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پانچ میچز کی سیریز کا تیسرا ون ڈے کل سینٹ لوشیا میں کھیلا جائے گا۔ سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ گیانا میں پاکستانی بیٹسمینوں کی غیر ذمہ دارانہ کارکردگی نے سیریز کو برابری پر لا کھڑا کردیا۔ پہلا ون ڈے تو شاہد آفریدی کی آل رانڈ پرفارمنس کے سبب یکطرفہ رہا لیکن دوسرے میچ میں کایا پلٹ گئی۔ سیریز میں برتری کے لئے دونوں ٹیمیں اب سینٹ لوشیا میں ٹکرائیں گی۔ قومی ٹیم میں کچھ تبدیلیاں ہوسکتی ہیں۔

اسد شفیق اور اسد علی کو ڈراپ کئے جانے کا امکان ہے۔ اسد شفیق پہلے ون ڈے میں کوئی رن نہیں بناسکے تھے جبکہ دوسرے میچ میں وہ صرف دس رنز ہی بناسکے۔ ان کی جگہ حارث سہیل کو موقع مل سکتا ہے۔ اسد علی کا بھی بولنگ میں کوئی جادو نہیں چل سکا۔ دو میچز میں وہ صرف ایک وکٹ ہی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اسد علی کو ڈراپ کرکے جنید خان یا عمرامین کی فائنل الیون میں شمولیت کا امکان ہے۔

کپتان مصباح الحق کہتے ہیں کہ بیٹنگ کلک کرجاتی تو سیریز میں ان کی برتری مستحکم ہوتی لیکن وہ کوشش کریں گے کہ تیسرے ون ڈے میں بیٹسمین ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے سیریز میں پھر سے برتری حاصل کریں۔ ادھر ویسٹ انڈین ٹیم میں وننگ کمبینیشن برقرار رہنے کی توقع ہے۔ میزبان ٹیم کے کپتان ڈائن براوو کا کہنا ہے کہ حریف ٹیم کی بولنگ اچھی ہے۔ ان کے بیٹسمینوں کو بہت محتاط ہوکر کھیلنا ہوگا۔کوئی ایک غلطی نقصان دہ ہوسکتی ہے۔