معیاری تعلیم و تربیت ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ ڈاکٹر مشتاق احمد

Dr Mushtaq Mangat

Dr Mushtaq Mangat

اسلام آباد (پریس ریلیز) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم و تربیت ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور ہمارا مشن ہے کہ کوئی بھی یتیم بچہ اس حق سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال بھی پنجاب کے مختلف بورڈز سے میٹرک کے امتحانات میں الخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت زیرکفالت یتیم بچوں کے سالانہ نتائج شاندار رہے۔لاہور، راولپنڈی،ملتان،بہاولپور، اٹک، گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد، کھاریاں، فیصل آباد، جھنگ، لیہ، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان اور اٹک بورڈز سے 13 بچوں نے اے پلس گریڈ، 15 نے اے گریڈ جبکہ 22بچوں نے بی گریڈ کے ساتھ نمایاں کامیابی حاصل کی۔

ڈاکٹر مشتاق احمدمانگٹ نے کہا کہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تمام بچے،الخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کی پوری ٹیم اوران بچوں کے لواحقین دلی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ہماری ذرا سی توجہ ان بچوں کو ایک محفوظ اور روشن مستقبل دینے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

یہ زندگی کے کسی بھی میدان میں اپنا لوہا منوانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اورآج ان کے شاندار امتحانی نتائج اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر کے 10ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت اور معیاری تعلیم و تربیت کی ذمہ داری اٹھائے ہوئے ہے۔