ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، رکاوٹ ڈالنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا: وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے جاتی عمرا میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں صوبے میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں، بجٹ 2014-15ء فرزانہ قتل کیس، اغوا برائے تاوان کی بڑھتی ہوئے وارداتوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اندرونی ذرائع کے مطابق وزیر اعلی پنجاب نے وزیراعظم نواز شریف کو مسلم لیگ ن کے ایم پی اے رانا جمیل کے علاوہ کینٹ سے اغوا ہونے والے ایک خفیہ ایجنسی کے اہلکار اور فرزانہ قتل کیس کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث عناصر کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اس سلسلے میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے ان وارداتوں میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کریں۔ انہوں نے توانائی کے منصوبوں کی جلد تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا بھر پور اندازہ ہے اور مسلم لیگ ن حکومت کا پہلے سال کا ٹریک ریکارڈ گواہ ہے کہ ہم پاکستان اور اسکے عوام کے مسائل حل کرنے میں کس حد تک سنجیدہ ہیں۔ ملاقات کے دوران اپوزیشن جماعتوں کے مجوزہ اتحاد اور اس کے مضمرات پر بھی غور کیا گیا۔

وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے وزیراعظم کو صوبائی بجٹ 2014 -15ء پر بھی اعتماد میں لیا اور اسکے چیدہ چیدہ نکات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ عوامی بجٹ لائیں جس میں عام آدمی اور محنت کش کو ریلیف محسوس ہو سکے۔ بجٹ میں عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے زیادہ وسائل مختص کئے جائیں گے۔ وزیراعلی شہباز شریف نے کہا کہ جس طرح ہماری حکومت دن رات عوامی مسائل کے حل میں مصروف ہے اس کے نتیجے میں عوام کو پنجاب مستقبل میں ایک منفرد صوبے کے طور پر نظر آئے گا۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا حکومت ملک سے نہ صرف بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرے گی، ہم آئندہ 20 سے 25 سالوں کی بجلی کی ضروریات کو سامنے رکھ کر منصوبے بنا رہے ہیں پنجاب میں شہبازشریف کی نگرانی میں بجلی کے منصوبوں کا آغاز لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کو ختم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم نے حکومت ملک سے نہ صرف بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرے گی بلکہ ہم آئندہ 20 سے 25 سالوں کی بجلی کی ضروریات کو سامنے رکھ کر منصوبے بنا رہے ہیں۔

وزیراعلی پنجاب نے وزیر اعظم نواز شریف کو مسلم لیگ ن کے ایم پی اے رانا جمیل، کے علاوہ کینٹ سے اغواء ہونے والے ایک خفیہ ایجنسی کے اہلکار اور فرزانہ قتل کیس کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے وزیراعظم کو آئندہ کے صوبائی بجٹ پر بھی اعتماد میں لیا اور اسکے چیدہ چیدہ نکات پر روشنی ڈالی۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عام اور غریب آدمی کے مسائل کے حل پر توجہ دی ہے ملکی ترقی اور خوشحالی ہی ہماری حکومت کا ایجنڈا ہے وہ وقت دور نہیں جب ملک بحرانوں سے نجات حاصل کرے گا ہر طرف ہریالی او خوشحالی نظر آئے گی۔

ملک اسی طرح ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے گا اور ملک کو اندھیروں کو نجات دلائیں گے۔ کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کل کراچی پہنچیں گے۔ وزیراعظم کی سربراہی میں گورنر ہائوس میں کراچی کے امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہو گا۔