اسٹریٹ کرائمز بڑھنے پر پولیس چیف کو تبدیل کیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب

Murtaza Wahab

Murtaza Wahab

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائمز بڑھنے پر پولیس چیف کو تبدیل کیا۔

کے ایم سی ویمن اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں نو تزئین شدہ بیڈ منٹن کورٹ کا افتتاح کرنے کے بعد بیڈمنٹن نمائشی میچ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کے بہتر مفاد میں فیصلے کرنا ہوں گے، بدقسمتی سے فیصلوں کو عدالتوں میں چیلنج کردیا جاتا ہے جس سے ترقی کا عمل رک جاتا ہے، اس تاثر کو پھیلایا گیا کہ کے ایم سی کے پاس اختیارات نہیں، مسئلہ اختیارات کا نہیں نیت کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں کے ایم سی کے اثاثے موجود ہیں مگر عوام کے لیے ان کے دروازے بند تھے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پاس پارکس کے علاوہ اور بھی مقامات ہیں، کے ایم سی ویمن اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال کو خواتین کے لیے کھیلوں کا مرکز بنائیں گے، آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی کراچی آمد پر ان کا زبردست استقبال کیا جائے گا۔

اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سیف عباس، ڈائریکٹر ویمن اسپورٹس کمپلیکس ناہید عابدہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کھیلوں کی سہولتیں فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، خواتین کھیلوں میں پاکستان کا نام روشن کررہی ہیں انھیں مزید مواقع دینا ہوں گے، میونسپل اداروں کو ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں لمبے پروسیجرطے کرنا پڑتے ہیں جس سے ترقیاتی کاموں میں تاخیر ہوتی ہے، لیاقت آباد سپر مارکیٹ کو کلک کے ذریعے ماڈل مارکیٹ بنایا جا رہا ہے جس کے بعد لوگوں کو شاپنگ مال جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے بسوں کی پروکیورمنٹ کی جاچکی ہے اور کنٹریکٹ دے دیا ہے، چین میں اسپیشل ہالی ڈے کی وجہ سے بسوں کے کراچی پہنچنے میں تاخیر ہوئی تاہم بسوں کا ایک بنچ پورٹ پر آچکا ہے اور جلد ہی کراچی پہنچ جائے گا، نیشنل اسٹیڈیم کے ایم سی کی زمین پر ہے مگر میچز میں کے ایم سی کے ملازمین کو بھی نہیں بلایا جاتا، اس معاملے پر پی سی بی سے بات کریں گے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ویمن اسپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت نے رکھا تھا اور یہ کمپلیکس بے نظیر بھٹو شہید کے وژن پر کام کرتے ہوئے بنایا گیا تھا، کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہوا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سے بات کرکے ناگواری کا اظہار کیا اور پولیس چیف کو تبدیل کردیا، نئے پولیس چیف اسٹریٹ کرائمز سمیت دیگر جرائم پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔