سپریم کورٹ کی ڈی ایچ اے کو 135 ملین روپے جاری کرنے کی اجازت

Supreme Court

Supreme Court

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد سپریم کورٹ نے ڈی ایچ اے کو منجمد اکاونٹس سے 135 ملین روپے جاری کرنے کی اجازت دے دی ۔سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز چودھری اور جسٹس شیخ عظمت سعید پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ای او بی آئی ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی ۔ ڈی ایچ اے کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ تنخواہیں اور یوٹیلیٹی بلز ادا کرنے ہیں۔ منجمد اکاونٹس سے مزید رقم جاری کرنے کی اجازت دی جائے۔

جس پر عدالت نے ڈی ایچ اے کو منجمد اکاونٹس سے 135 ملین روپے نکلوانے کی اجازت دے دی۔ عدالت میں ڈی ایچ اے کے ایک ڈائریکٹر کے وکیل نے استدعا کی ان کے موکل کو ایف آئی اے نے زدوکوب کیا اور ان سے پاسپورٹ لے لیا جبکہ انہوں نے حج پر جانا تھا ۔جس پر عدالت نے ڈی ایچ اے کے ڈائریکٹر کو فوری طور پر پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ ڈائریکٹر کو جب بھی بلایا جائے وہ عدالت حاضر ہوں بعد میں کیس کی سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی گئی۔