سپریم کورٹ نے مشرف غداری کیس میں تمام درخواستیں نمٹادیں

Supreme Court

Supreme Court

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے سے متعلق تمام درخواستیں نمٹاتے ہوئے حکم دیا ہے کہ وفاق آرٹیکل 6 کے تحت پرویز مشرف کیخلاف تفتیش مکمل کرے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ تمام نظریں حکومت پر لگی ہیں، امید ہے غیر ضروری تاخیر نہیں کی جائے گی۔جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔

گزشتہ سماعت پر اٹارنی جنرل منیر اے ملک مصروفیات کے باعث عدالت میں حاضرنہیں ہوسکے تھے جس کی وجہ سے کیس کی سماعت آج تک کیلئے ملتوی کر دی گئی تھی۔ گذشتہ سماعت پرجسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دئیے تھے کہ ہمیں فیصلہ سنانے کے بارے میں ہدایات نہ دی جائیں، عدالت اپنی مرضی سے آئین اور قانون کے تحت فیصلہ دے گی، وفاق کے جواب کے بعد ابھی تمام درخواست گزاروں کو سننا باقی ہے،پرویز مشرف کے ساتھ ایسا انصاف کرینگے جو ہوتا ہوا نظر آئے گا کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔