اسلام اباد (جیوڈیسک) صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغام میں کہا کہ یقین ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی رنگ لائے گی۔
صدر مملکت عارف علوی نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا اور کہا کہ بھارت کا کشمیریوں پر ظلم دہشت گردی کو فروغ دینے کے مترادف ہے، مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کا دوغلا پن شکوک و شبہات اُبھار رہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پیلٹ گنز سے نہتے کشمیریوں پر بھارتی ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے، کشمیریوں کا جذبہ حریت اور حق خود ارادیت بڑھ رہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد آزادی کو ہر گزرتے دن کے ساتھ تقویت مل رہی ہے، افسوس ہے کہ سات عشرے گزرنے کے باوجود تنازعہ کشمیر حل نہیں ہوسکا۔
دوسری جانب لندن میں منعقدہ کشمیر کانفرنس سے خطاب میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ برطانیہ کی اخلاقی ذمے داری ہے کہ وہ انسانی بنیادوں پر مظلوم کشمیریوں کی مدد کرے۔