طالبان کیخلاف آپریشن کا فیصلہ ہوا ہے تو اعلان کیا جائے، منور حسن

 Munawar Hassan

Munawar Hassan

لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے شمالی وزیرستان بمباری فوری روکنے کا مطالبہ کر دیا، کہتے ہیں اگر آپریشن کا فیصلہ ہو چکا تو اعلان کیا جائے۔ منور حسن نے وزیراعظم کو دونوں مذاکراتی کمیٹیوں کا اپنی سربراہی میں اجلاس بلانے کی بھی تجویز دیدی۔

لاہور میں تربیت گاہ سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں سید منور حسن کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی کو قطعی اختیار نہیں تھا کہ مذاکرات کا بائیکاٹ کرتی۔ مذاکرات کو ہر صورت کامیاب بنانے کی کوشش ہونی چاہئے۔

شمالی وزیرستان میں بمباری سے خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ اگر آپریشن کا فیصلہ ہو چکا تو قوم کو بتایا جائے کہ یہ فیصلہ کس نے کیا ہے۔

منور حسن نے واضح کیا کہ دنیا بھر میں جنگ بھی جاری رہتی ہے اور مذاکرات کی میز بھی بچھی رہتی ہے۔ مذاکرات ناکام بھی ہو جائیں تو ملٹری آپریشن کا پھر بھی نہیں سوچنا چاہئے۔