طالبان نے معاہدوں کو خود ہی توڑ دیا: الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ طالبان نے ماضی میں ہونیوالے معاہدوں کو خود ہی توڑ دیا۔ دہشتگردوں کے سامنے سر جھکایا تو پاکستان کا مستقبل صومالیہ سے مختلف نہیں ہوگا۔ متحدہ کے کارکنوں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے لیکن انصاف دلانے والا کوئی نہیں۔

اپنی سالگرہ کے موقع پر مختلف شہروں میں ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم طالبان کیساتھ مذاکرات کے خلاف نہیں لیکن وہ ہمارے فوجیوں کو شہید کر رہے ہیں۔ یہ پاکستان، پاک فوج کی رٹ اور عزت کا معاملہ ہے۔ وزیراعظم عزت کے ساتھ فیصلے کریں۔

ایم کیو ایم ساتھ دے گی۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ کراچی میں سیاسی بنیادوں پر متحدہ کو نشانہ بنانے کے بجائے دہشتگردوں کو گرفتار کیا جائے۔ ارباب اختیار طاقت کے ناجائز استعمال سے گریز کریں۔

ایم کیو ایم میں کوئی دہشتگرد ہے اور اس کے ثبوت ہیں تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ کوئی بھی جھوٹا پراپیگنڈا کارکنوں کو ان سے دور نہیں کرسکتا۔ الطاف حسین کی سالگرہ کے موقع پر آتشبازی کی گئی اور غبارے بھی فضا میں چھوڑے گئے۔