طالبان کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کر دیا: وزیراعظم

 Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

لندن (جیوڈیسک) وزیراعظم نوا زشریف کا کہنا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کا آغاز کر دیا۔ دہشتگردی ختم کرنے کیلئے ملکی اداروں کو مضبوط بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نوازشریف اور برطانوی نائب وزیراعظم نک کلیگ کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور دو طرفہ تعلقات اور دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ملک میں بے گناہ لوگوں کو قتل ہوتا نہیں دیکھ سکتے۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ملکی اداروں کو مضبوط بنائینگے۔

طالبان سے مذاکرات کا آغاز کر دیا، یہ مذاکرات ملکی آئین کے تحت ہی کیے جائینگے۔ وزیراعظم نے نک کلیگ کو تحفظ پاکستان آرڈیننس کے نفاذ سے بھی آگاہ کیا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ تمام تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں کیں لیکن بھارتی سیاستدان ابھی تک پاکستان کیخلاف الزام تراشیوں میں مصروف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک کی اقتصادی اور معاشی ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ تین سے چار سال میں بجلی کے نئے منصوبے پیداوار شروع کر دینگے۔ بجلی کی پیداوار میں اضافے سے قیمتوں میں بھی کمی ہو گی۔