تربیلا ڈیم میں پانی ڈیڈ لیول سے 11 فٹ زائد رہ گیا

Tarbela Dam

Tarbela Dam

اسلام آباد (جیوڈیسک) تربیلا ڈیم میں پانی ڈیڈ لیول سے 11 فٹ زائد رہ گیا ، ڈیم میں قابل استعمال پانی صرف چند دن کی ضرورت پوری کرسکتاہے۔ ڈیمز میں پانی کی آمد کم ہونے سے لوڈ شیڈنگ بڑھنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق تربیلا میں پانی کی سطح 1389 فٹ ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ سال کے مقابلے انتہائی کم سطح پر ہے، ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول سے گیارہ فٹ زائد ریکارڈ کی گئی۔

آج ڈیم میں پانی کی آمد 89 ہزار اور اخراج 75 ہزار کیوسک رکارڈ کیا گیا۔ گذشتہ سال یکم جون کو ڈیم میں پانی کا اخراج ایک لاکھ 13 ہزار 500 کیوسک ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ صرف ایک لاکھ سات ہزار ایکڑ فٹ رہ گیا ہے، اگلے چند دنوں تک ختم ہو جائے گا۔

زرعی ماہرین کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی حالیہ صورتحال خریف کے فصلوں کے لیے کسی حد تک پانی کی کمی سامنا ہو سکتا ہے جبکہ ڈیم میں پانی کے بہاوٴ میں کمی کی وجہ سے ہائیڈل ذرائع سے بجلی کی پیداوار متاثر ہوسکتی ہے۔ جو لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافے کا باعث بنے گی۔

ملک میں اس وقت بھی طلب و رسد کا فرق تین ہزار میگاواٹ سے زائد ہے۔ دوسری جانب منگلا ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 29 لاکھ 14 ہزار ایکڑ فٹ رکارڈ کیا گیا ڈیم میں پانی کی آمد 69 ہزار 520 اور اخراج 60 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

منگلا میں پانی کی سطح 1172.20 فٹ رکارڈ کی گئی جو ڈیڈ لیول سے 68 فٹ اوپر رکارڈ کی گئی ہے۔ تربیلا ڈیم کے انتہائی کم سطح پر آنے کے بعد بجلی کی پیداوار اور زرعی مقاصد کے لیے منگلا ڈیم میں پانی کے ذخیرے پر انحصار کرنا پڑے گا۔