ٹیکس نا دہندہ ہونے پر پی آئی اے کے تمام اکاونٹس منجمد

PIA Tax

PIA Tax

کراچی (جیوڈیسک) ٹیکس نا دہندہ ہونے پر ایف بی آر نے پی آئی اے کے تمام اکاونٹس منجمد کر دیئے ہیں۔ اکاونٹس منجمد ہونے سے پی آئی اے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ ایرلائن ذرائع کے مطابق پی آئی اے ، ایف بی آر کی تقریبا تین ارب روپے کی ٹیکس نا دہندہ ہے، پی آئی اے گزشتہ مسلسل کئی سالوں سے ایف بی آر کی ٹیکس نا دہندہ ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے اکاونٹس منجمد کرنے کا مقصد واجبات کی ادائیگی کیلئے پی آئی اے پر دباو ڈالنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے اکاونٹس منجمد ہونے سے تیل کمپنیوں اور اسپیئر پارٹس کی ادائیگیوں میں بھی مشکلات کا سامنا ہو گا۔ جب کہ ملازمین کو بھی اس ماہ تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ ادھر پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ اکاونٹس کی بحالی کیلئے اعلی سطح پر کوشیش جاری ہے، امید ہے کہ ایرلائن آپریشن متاثر نہیں ہو گا۔ قومی ایرلائن پی آئی اے شدید مالی بحران کا شکار ہے اسے ہر ماہ 12 کروڑ روپے نقصان کا سامنا ہے۔