دہشتگردی کی جنگ پاکستان پر مسلط کی گئی : چودھری نثار

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

کوئٹہ (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ 13 سال قبل دہشتگردی کی جنگ ہم پر مسلط کی گئی، پاکستان کو ان دیکھے دشمنوں کا سامنا ہے، ہمارے حوصلے بہت بلند ہیں، دہشتگردی پر جلد قابو پا لیں گے۔ کوئٹہ میں وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات انتہائی افسوسناک ہیں۔

کوئٹہ آنے کا مقصد قومی یکجہتی کا پیغام ہے۔ وزیراعلی ڈاکٹر عبدالمالک سے بلوچستان کے حالات ہر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ وفاقی حکومت بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات پر قابو پانے کے لئے صوبائی حکومت سے مکمل تعاون کر رہی ہے۔ شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

پاکستان کی بقا کی جنگ لڑنے والے اہلکاروں کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پولیس اور شہدا کے بچوں کا بھرپور خیال کیا جائے گا۔ ہماری فورسز کے حوصلے بلند ہیں۔ دہشتگردی پر بہت جلد قابو پا لیں گے۔ دہشتگرد ہمارے عزائم کمزور نہیں کر سکتے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن قائم کرنے کے لئے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے بھرپور تعاون کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

پاک فوج کے سربراہ نے بلوچستان پولیس کو 5000 سب مشین گنز فراہم کرنے اور ہنگامی بنیادوں پر ٹریننگ دینے کی بھی بھرپور یقین دہانی کروائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 13 سال تک کسی نے نینشل سیکورٹی کا نام تک نہیں لیا۔ 13 سال کی خرابیاں ایک دن میں دور نہیں ہو سکتیں۔

ہم ہوم ورک سے یہ کام کرنا چاہتے ہیں۔ ہم قابل عمل اور پائیدار سیکیورٹی پالیسی تشکیل دینا چاہتے ہیں تاکہ اس پر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جا سکے۔ سول اور ملٹری خفیہ ایجنسیاں مربوط انداز میں آپس میں اطلاعات کا تبادلہ کرینگی۔ چودھری نثار نے کہا کہ دہشتگردی کے کئی واقعات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔