ماؤنٹ مانگا نوئی ٹیسٹ: فواد کی سنچری رائیگاں، پاکستان کو شکست

New Zealand vs Pakistan

New Zealand vs Pakistan

ماؤنٹ مانگا نوئی (اصل میڈیا ڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں فواد عالم کی سنچری رائیگاں گئی اور پاکستان کو میچ میں 101 رنز سے شکست ہو گئی۔

ماؤنٹ مانگا نوئی ٹیسٹ کے پانچویں روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمکل اننگز کا آغاز کیا تو اظہر علی 34 اور فواد عالم 21 رنز پر موجود تھے۔

اظہر علی اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں صرف 4 رنز کے اضافے کے بعد 38 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے لیکن فواد عالم کیوی بولرز کے سامنے ڈٹ گئے اور کپتان محمد رضوان نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

فواد عالم نے 11 برس بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری اسکور کی جو ان کے کیرئیر کی دوسری سنچری تھی۔ فواد عالم کی سنچری میں 14 چوکے شامل تھے۔ اس سے قبل فواد عالم نے 2009 میں اپنے ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری اسکور کی تھی۔

فواد عالم 102 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر نیل ویگنر کا شکار بنے جبکہ محمد رضوان بھی 60 رنز پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 165 رنز کی شراکت ہوئی۔

فہیم اشرف 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ یاسر شاہ بغیر کوئی رن بنائے اور محمد عباس ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنا لیے ہیں اور پاکستان کو جیت کے لیے مزید 100 سے زائد رنز درکار ہیں۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 431 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 239 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی جبکہ میزبان ٹیم نے دوسری اننگز 180 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کے لیے 374 رنز کا ہدف دیا تھا۔