ٹیسٹ رینکنگ؛ بابر اعظم کے قدم اچانک پھسل گئے

 Babar Azam

Babar Azam

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم کے قدم اچانک پھسل گئے جب کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے قبل چھٹے نمبر پر پہنچ گئے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیسٹ سیریز اور سری لنکا و انگلینڈ کا پہلا میچ ختم ہونے پرنئی پلیئرز رینکنگ جاری کردی ہے۔

انگلش کپتان جوئے روٹ ڈبل سنچری جڑنے کی وجہ سے 6 درجے ترقی پاکر پانچویں نمبر پر پہنچ گئے، ان کی اس جست کے سبب پاکستانی قائد بابر اعظم کو ایک قدم پیچھے ہٹتے ہوئے چھٹے نمبر پر جانا پڑا۔
ٹاپ 20 میں شامل دوسرے پاکستان سابق کپتان اظہر علی کے قدم بھی اکھڑتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، وہ اب 19 ویں نمبر پر پہنچ گئے، ناقص فارم کی وجہ سے ٹیم سے باہر اسد شفیق 30 ویں درجے پر برقرار ہیں۔

شان مسعود بھی تنزلی کے بعد اب 50 ویں نمبر پر پہنچ چکے، ٹاپ پر نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن موجود جبکہ دوسری پوزیشن اسٹیو اسمتھ کے پاس ہے، آسٹریلیا کے ہی مارنس لبوشین نے آخری ٹیسٹ میں سنچری کی بدولت ایک درجہ ترقی پاتے ہوئے تیسری پوزیشن سے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو بے دخل کردیا۔

ادھر بولرز میں پاکستان کے محمد عباس 12 ویں نمبر پر بدستور موجود ہیں، یاسر شاہ کی 25 ویں پوزیشن ہے،آسٹریلیا کے پیٹ کمنز سرفہرست جبکہ جوش ہیزل ووڈ ترقی پاکر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے۔