تھائی لینڈ کے ساتھ اقتصادی شراکت داری چاہتے ہیں، وزیراعظم

PM Nawaz Sharif

PM Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ تھائی لینڈ کے ساتھ اقتصادی شراکت داری چاہتے ہیں ، آئندہ پانچ سال میں تھائی لینڈ کے ساتھ تجارتی حجم کو دوگنا کرنا چاہتے ہیں، تھائی لینڈ کی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قربانیوں کو تسلیم کرتے ہیں ۔اسلام آباد میں وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد وزیراعظم ہاوس میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ تھائی لینڈ کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینا چاہتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اہم عالمی امور پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ تھائی لینڈ کے ساتھ اقتصادی شراکت داری قائم کرنا چاہتے ہیں اور آئندہ پانچ سال میں تھائی لینڈ کے ساتھ تجارتی حجم کو دگنا کرنا چاہتے ہیں۔ تھائی لینڈ کی وزیراعظم ینگ لک شنوترا نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان 60 سال سے اچھے سفارتی تعلقات ہیں۔ تھائی وزیراعظم نے کہا پاکستان اور تھائی لینڈ جلد آزاد تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دیں گے۔ تھائی لینڈ کی وزیراعظم نے وزیراعظم نواز شریف کو تھائی لینڈ کی دورے کی دعوت بھی دی۔