اومی کرون کا خطرہ: کیٹیگری سی ممالک سے پاکستان آنیوالوں پر مکمل پابندی عائد

Airport

Airport

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) این سی او سی نے کورونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون کے خطرے کے پیش نظر کیٹیگری سی کے ممالک میں اضافہ کر دیا اور ان ممالک سے پاکستان آنے پر مکمل پابندی عائد کر دی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کی سربراہی میں این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی صورتحال، فضائی سفر اور کیٹیگری سی لسٹ کا جائزہ لیا گیا۔

این سی او سی کے مطابق کیٹیگری سی ممالک کی لسٹ 7 سے بڑھا کر 15 کردی گئی ہے جس میں جنوبی افریقا، نیدرلینڈز، ہنگری،آئرلینڈ ، کروشیا، سلووینیا، ویتنام، پولینڈ، موزمبیق، لیسوتھو، ایسواتینی، بوٹسوانا، زمبابوے اور نمیبیا شامل ہیں۔

این سی او سی کا کہنا ہےکہ کیٹیگری سی ممالک سے پاکستان آنے پر مکمل پابندی ہو گی اور ان ممالک سے اشدضروری سفر خصوصی اجازت پر ہی ہوسکے گا جب کہ کیٹیگری سی ممالک سے پاکستان کے لیے سفر خصوصی کمیٹی سے استثنیٰ سرٹیفکیٹ کے بعد ممکن ہو گا۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان آنے والے تمام مسافروں کے لیے ویکسی نیشن لازمی ہو گی جب کہ 6 سال اور زائدعمر کے پاکستانیوں، غیرملکیوں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ لازمی ہوگا، بورڈنگ سے 48 گھنٹے پہلے کیا گیا پی سی آرٹیسٹ دکھانا لازمی ہو گا۔