سانحہ راولپنڈی، مقد مات خصوصی عدالتوں میں بھجوائے جائیں: وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری مقد مات تیار کر کے خصوصی عدالتوں میں بھجوائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان پر اثر انداز ہونے والوں کے خلاف قانون کا شکنجہ سختی سے کسا جانا چائیے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے سانحہ راولپنڈی پر اجلاس کے شرکاء کو بریفینگ دی اور واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔

وزیر اعلی پنجاب نے واقعہ کے ذمہ دران کے خلاف اب تک کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور شرکاء کو صوبے میں مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے پنجاب حکومت کی طرف سے کیے جانے والے اقدام سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلی پنجاب نے بتایا کہ صوبے میں حالات مکمل کنٹرول میں ہیں۔ اجلاس میں حساس اداروں کے سربراہ، وزارت داخلہ کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم سانحہ راولپنڈی کو بڑی سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور اس حوالے سے سخت اقدامات کی ہدایت کی ہے۔