غداری کیس، پرویز مشرف پر آج فرد جرم عائد کی جائے گی

 Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) نئے سال کا پہلا دن پرویز مشرف کے لئے اچھا نہیں، غداری کیس میں انہیں آج خصوصی عدالت پیش ہونا ہو گا۔ وی آئی پی سیکورٹی دینے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ بچاؤ کے لئے مشرف کی سر توڑ کوششیں جاری ہیں۔

سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف آج بدھ کو غداری کیس میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔ انہیں خصوصی عدالت نے طلب کر رکھا ہے۔ پیشی کے موقع پر ان کے فارم ہاؤس سے خصوصی عدالت تک وی آئی پی روٹ لگایا جائے گا۔

روٹ پر پولیس اور رینجرز کے 300 سے زیادہ مسلح اہلکار تعینات ہوں گے۔ راستے پر موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری طرف پرویز مشرف کی اپنے بچاؤ کے لئے سر توڑ کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے خصوصی عدالت کا دائرہ کار چیلنج کر دیا ہے۔ خصوصی عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ خصوصی عدالت کسی حاضر یا سابق فوجی افسر کا ٹرائل نہیں کر سکتی، معاملہ ملٹری کورٹ بھجوایا جائے۔

سابق صدر نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل بھی دائر کی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ خصوصی عدالت کو کام کرنے سے روکا جائے۔