یو اے ای : کووِڈ-19 کے 50 لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ ،90 فی صد مریض صحت یاب

UAE Coronavirus

UAE Coronavirus

یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں اب تک کرونا وائرس کے 50 لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ ملک میں کووِڈ-19 کے مریضوں کے صحت یاب ہونے کی شرح 90 فی صد ہوگئی ہے۔

یو اے ای کے وزیرصحت عبدالرحمان الاویس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شعبہ صحت کی کاوشوں کے نتیجے میں کووِڈ-19 کے بڑے پیمانے پر ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور اس کی وجہ سے ملک میں کرونا وائرس پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔

تاہم ان کے بہ قول حفاظتی احتیاطی تدابیر کی عدم پاسداری اور لوگوں کا آپس میں سماجی میل ملاپ کے وقت طے شدہ فاصلہ اختیار نہ کرنا اس بیماری کے خلاف جنگ میں ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے۔

یو اے ای میں سوموار کو مسلسل تیسرے روز کووِڈ-19 کا شکار کا کسی مریض کی وفات نہیں ہوئی ہے۔اب تک ملک میں اس مہلک وَبا سے صرف 351 اموات ہوئی ہے۔اس لحاظ سے یو اے ای میں شرح اموات دوسرے ممالک کے مقابلے میں کہیں کم ہے۔

یو اے ای کی وزارت صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 27811 ٹیسٹ کیے ہیں۔ان میں سے 164 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔اب ملک میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد 61163 ہوگئی ہے۔ان میں 54863 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔