برطانیہ میں پاکستانی تاجروں نے بجٹ کو خوش آئند قرار دیدیا

UK - Pakistan

UK – Pakistan

لندن (جیوڈیسک) یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس نے مالی سال 2013-14 کے بجٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مختصر وقت میں بجٹ کی تیاری مشکل کام تھا۔ لندن برطانیہ میں مقیم پاکستانی نژاد تاجروں کی تنظیم یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس کی جانب سے پاکستان سے آئے ہوئے سینئر افسروں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی ہائی کمشنر ذوالفقار علی گردیزی تھے۔ اس موقع پر برطانوی نژاد پاکستانی تاجروں نے نئی حکومت کی جانب سے مختصر وقت میں بجٹ کی تیاری کو احسن اقدام قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اخراجات کم کرنا اچھا قدم ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ عوام کو سہولت کے اقدامات بھی اٹھائے جانے چاہیے۔ تاجروں نے امید ظاہر کی اگلے بجٹ میں خامیوں پر قابو پایا جائے گا۔