عمرہ کی ادائیگی کے بعد لاہور ائیرپورٹ پہنچنے والے 2 معتمرین قتل

Allama Iqbal International Airport

Allama Iqbal International Airport

لاہور (جیوڈیسک) علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر عمرہ کی ادائیگی کے بعد پہنچنے والے دو معتمرین کو قتل کردیا گیا جب کہ ائیر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

لاہور ائیر پورٹ کے لاؤنچ میں ارشد اور شان نامی ملزمان نے عمرہ کی ادائیگی کے بعد پہنچنے والے 2 افراد کے سروں میں گولیاں مار کر قتل کردیا، فائرنگ کی آواز سے خوف و ہراس پھیل گیا اور ہر طرف افرا تفری مچ گئی۔

فائرنگ کے بعد رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی جب کہ اے ایس ایف نے واقعے کے فوری بعد ملزمان کو حراست میں لیتے ہوئے پولیس کے حوالے کردیا۔

پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت زین اور اکرم کے نام سے ہوئی ہے جب کہ زخمی ہونے والے شخص کی شناخت عنصر کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس نے فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ارشد اور شان نامی ملزمان ٹیکسی میں سوار ہو کر ائیر پورٹ پہنچے اور انہوں نے عمرہ کی ادائیگی کے بعد واپس وطن پہنچنے والے 2 افراد کو نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق مقتولین پر بابر بٹ نامی شخص کو قتل کرنے کا الزام تھا جب کہ ڈیڑھ سال کے دوران لاہور ائیر پورٹ پر فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

اے ایس ایف حکام نے ائیر کی حدود میں فائرنگ کی تحقیقات شروع کردی، حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات ہو رہی ہیں کہ حملہ آور اسلحہ سمیت ائیر پورٹ کی حدود میں کیسے آئے۔