بے یقینی کی صورتحال کے باوجود راولپنڈی میں چہلم امام حسین کا جلوس انتہائی پر امن رہا

اسلام آباد: سانحہ راجہ بازار کے بعد پیدا ہونیوالی بے یقینی کی صورتحال کے باوجود راولپنڈی میں چہلم امام حسین کا جلوس انتہائی پر امن رہا اور جلوس کے پورے روٹ پر کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا، مرکزی جلوس کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری، ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی سمیت دیگر شیعہ تنظیموں کے قائدین اور علمائے کرام نے کی ، راولپنڈی میں چہلم امام حسین کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول حسین سے شروع ہوا جس میں امام بارگاہ عا شق حسین تیلی محلہ ، امامبارگاہ یادگار حسینی ، امام بارگاہ حفاظت علی شاہ اور شہر کے دیگر علاقوں سے آنیوالے جلوس بھی شامل تھے۔

شرکائے جلوس نے فوارہ چوک میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی کی اقتدیٰ میں نماز ظہرین ادا کی ، اس موقع علامہ امین شہیدی نے عزداروں سے مختصر خطاب کیا ، انہوں نے جلوس کے دوران برادران اہلسنت سمیت مختلف مکاتب فکر کی جانب سے شہر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے کی جانیوالی کاوشوں اور سیکورٹی کے حوالے سے حکومت وا نتظامیہ کی جانب سے کئے انتظامات کے سراہا، ان کا کہنا تھا کہ آج چہلم امام حسین کے موقع پر کئے گئے سیکورٹی انتظانات نے ثابت کر دیا کہ اگر حکومت اور ادارے اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ سر انجام دیں تو کسی بھی شدت پسند یا فسادی طبقے کو امن و مان کی صورتحال سے کھیلنے کا موقع نہیں مل سکتا، انہوں نے اتحاد اخوت اور مذہبی رواداری کی فضا برقرار رکھنے پر راولپنڈی کے تاجروں اور برادران اہلسنت سمیت ہر مکتب فکر کے افراد کو خراج تحسین پیش کیا اور توقع ظاہر کی کہ اتحاد یکجہتی اور مذہنی روا داری کی یہ فضا بر قرار رکھی جائے گی ۔جلوس راجہ بازار و مدرسہ تعلیم القرآن کے سامنے سے گزرتا ہوا مام بارگاہ قدیمی پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

جلوس کی مانیٹرنگ کیلیئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے مرکزی دفتر اور قدیمی امام بارگاہ میں دو الگ الگ کنٹرول رومز بنائے گئے تھے ، امام بارگاہ قدیمی میں ایم ڈبل؛یو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شفقت شیرازی ہمہ وقت موجود رہے اور جلوس کی لمحہ بہ لمحہ صورتحال پر نظر رکھی۔ ، جلوس کے راستے میں برادران اہلسنت اور دیگر تنظیموں کی جانب سے عزاداروں کے لئے دوردھ کی سبیلیں لگائی گئیں ، جلوس کی سیکورٹی کے فرائض مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ جوان وحدت یوتھ ، وحدت سکائوٹس بوائز اور وحدت سکائوٹس گرلز نے سرانجام دیئے، جبکہ حکومت کی جانب سے تعینات گئے پولیس و رینجرز اہلکاروں کے ساتھ ساتھ امامیہ سکائوٹس، ابراہیم سکائوٹس ، مختار فورس اور جے ایس او کے جوانوقں نے بھی بھر پور کردار ادا کیا۔جلوس کے آخر میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹڑی جنرل علامہ شفقت حسین شیرازی نے اختتامی دعا کرائی۔