انڈر 19 ورلڈ کپ؛ پاکستانی قاسم اکرم نے تاریخ رقم کردی

Qasim Akram

Qasim Akram

اینٹیگا (اصل میڈیا ڈیسک) انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستانی کپتان قاسم اکرم نے تاریخ رقم کردی جب کہ یوتھ ون ڈے کی 45 سالہ تاریخ میں وہ کسی ایک میچ میں سنچری بنانے اور 5 وکٹیں اڑانے والے پہلے پلیئر بن گئے۔

پاکستان سے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، گرین شرٹس نے 3 وکٹ پر 365 کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا، قاسم اکرم اور اوپنر حسیب اللہ خان نے سنچریاں بنائیں، کپتان نے 80 بالز پر ناقابل شکست 135 رنزاسکور کیے۔

ان کی اننگز میں 13 چوکے اور ایک چھکا شامل رہا، اس دوران انھوں نے 63 بالز پر 100 رنز مکمل کرکے ایونٹ کی تیز سنچری (69بالز)کا بھارتی پلیئر راج باوا کا ریکارڈ بھی توڑا، حسیب اللہ خان 136 رنز بناکر میدان بدر ہوئے، محمد شہزاد 73 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

بیٹنگ کے بعد اکرم نے آف اسپن بولنگ کا جادو جگاتے ہوئے 5شکار کرکے حریف سائیڈ کو 127رنز تک محدود کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ انھوں نے 10 اوورز میں صرف37 رنز دیے، قاسم اکرم اب ایچ بی ایل فرنچائز کراچی کنگز میں بابراعظم کی زیرقیادت کھیلیں گے۔

پاکستانی ٹیم کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کے بعد ٹرافی کی دوڑ سے باہر ہوگئی تھی، دوسری جانب ایونٹ کا فائنل ہفتے کو 4 بار کی چیمپئن ٹیم بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہوگا، اب تک ہونے والے 14 ایڈیشنز میں بھارتی ٹیم نے 8 فائنلز تک رسائی پائی، اسے ایونٹ کی کامیاب ترین ٹیم کا اعزاز حاصل ہے۔

مزید ایک ٹرافی سے وہ اپنے ریکارڈ کو بہتر بنا سکتی ہے، یش دھول ایونٹ کی تاریخ میں سنچری جڑنے والے تیسرے بھارتی کپتان بن چکے ہیں، ان سے قبل انڈر 19 ورلڈ کپ میں کوہلی (2008) اور انمکت چند (2012) نے بھی یہ کارنامہ انجام دیا تھا، نائب کپتان شیخ رشید بھی عمدہ فارم میں ہیں، دوسری جانب انگلش ٹیم 24 برس بعد ٹائٹل کی راہ دیکھ رہی ہے۔