امریکا کا افغانستان سے انخلا جاری رکھنے کا فیصلہ

Joe Biden

Joe Biden

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن نے افغانستان میں کابل ائیر پورٹ پر حملے میں 12 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد خطاب کرتے ہوئے دہشتگردوں کو خبردار کیا کہ ‘ہم معاف نہیں کریں گے ،ہم نہیں بھولیں گے ،ہم آپ کا شکار کریں گے’۔

جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ہلاک ہونےوالے امریکی فوجی ہیرو ہیں ، ہم دہشتگردوں کو اپنے مشن کو روکنے نہیں دیں گے، ہم انخلا جاری رکھیں گے۔

صدر جو بائیڈن نے کہا کہ حملہ کس نے کروایا ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن کچھ اطلاعات ہیں جبکہ کابل دھماکوں میں داعش اور طالبان کے درمیان گٹھ جوڑ کے شواہد نہیں ملے۔

انہوں نے جمعرات کو اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکا کابل ائیرپورٹ پر خودکش حملے کے باوجود ہزاروں شہریوں کو افغانستان سے نکالنے کے اپنے مشن کو جاری رکھے گا۔

انہوں نے مزید کہا میں نے اپنے کمانڈرز کو بھی حکم دیا ہے کہ وہ داعش کے اہم اثاثوں ، قیادت اور سہولیات پر حملہ کرنے کے لیے آپریشنل پلان تیار کریں ، جواب کب اور کہاں دینا ہے یہ امریکا فیصلہ کرے گا۔

امریکی صدر نے کہا کہ اگر افغانستان میں اضافی فورسز کی ضرورت پڑی تو بھیجی جائے گی،ہم مقررہ وقت تک زیادہ سے زیادہ امریکیوں کے انخلا کی کوشش کریں گے جبکہ گزشتہ 12 گھنٹوں میں 7ہزار افراد کا انخلا کیا گیا ہے ۔

جمعرات کے روز کابل کے حامد کرزئی ائیرپورٹ کے قریب یکے بعد دیگرے 2 زور دار دھماکے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں 12 امریکی فوجیوں سمیت 60 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔

شدت پسند دہشت گرد تنظیم داعش نےکابل ائیرپورٹ پر ایک خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کی جبکہ دوسرے حملے کے حوالے سے داعش کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ۔