امریکی سفارت خانے کی سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت

 America - Saudi Arabia

America – Saudi Arabia

الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں قائم امریکی سفارت خانے کی طرف سے گذشتہ روز حوثی ملیشیا کے سعودی عرب پر کیے گئے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

سعودی عرب میں متعین امریکی سفیر جان ابی زید نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ‘ٹویٹر’ پر پوسٹ کردہ ایک ٹویٹ میں حوثیوں کے سعودی عرب پرحملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا کا سعودی عرب میں شہری آباد کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانا سنگین جرم اور قابل مذمت اقدام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کرونا کی وبا سے لڑنے اور جانیں بچانے کے لیے کوشاں ہے اور ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا یمن اور سعودی عرب میں بے گناہ شہریوں پر حملہ کرکے ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے مشن کو آگے بڑھا رہی ہے۔

جان ابی زید کا کہنا تھا کہ ہم سعودی عرب میں حوثیوں کے میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے امید کرتے ہیں ان حملوں میں زخمی ہونے والے سعودی شہری جلد صحت یاب ہوں گے۔

خیال رہے کہ کل اتوار کو عرب اتحادی فوج نے حوثی ملیشیا کی طرف سے سعودی عرب کے شہروں الریاض اور جازان کی طرف داغے گئے بیلسٹک میزائل تباہ کردیے تھے۔ فضاء میں تباہ کیے گئے میزائلوں کے شیل لگنے سے متعدد شہری زخمی ہو گئے تھے۔