فتح مکہ اسلام کو پوری دنیا میں پھیلانے کا ذریعہ بنی : محمد زبیر صفدر

لاہور : ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان محمد زبیر صفدر نے کہا ہے کہ فتح مکہ اسلام کو پوری دنیا میں پھیلانے کا ذریعہ بنی۔ مکہ کی فتح نے مسلمانوں کے حوصلے بلند کئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی پنجاب کے دورے کے پہلے دن ڈی جی خان میں خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ قتل و غارت گری کے بغیر مکہ کا فتح ہونا اقوام عالم کی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے۔

اسلام کو شدت پسندی اور انتہاء پسندی سے جوڑنے والوں کے لئے اس میں سبق موجود ہے۔ رمضان المبارک صبر ، برداشت ، رواداری اور معافی کا مہینہ ہے اور اس کی بہترین مثال نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم نے مکہ کی فتح پر یہ ثابت کر کے امت کو بتا دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فتح مکہ کے موقع پر جو سبق رویہ اور طریقہ کار نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم نے بتایا اس میں تمام انسانیت کی بھلائی ہے۔