کوہلی کو مخالف ٹیم کے کھلاڑی کو کندھا مارنا مہنگا پڑ گیا

Virat Kohli

Virat Kohli

بنگلور (اصل میڈیا ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو مخالف ٹیم کے کھلاڑی کو کندھا مارنے پر وارننگ دے دی۔

آئی سی سی اعلامیے کے مطابق ویرات کوہلی آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق لیول ایک کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں جس کی وجہ سے ان کی سرزنش کی گئی ہے اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔

ویرات کوہلی آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق 2.12 کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جو انٹرنیشنل میچ میں کسی بھی کھلاڑی، امپائر، تماشائی سے فزیکل (جسمانی) کانٹییکٹ سے متعلق ہے۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے گزشتہ روز جنوبی افریقا کے خلاف بنگلور میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے 5 ویں اوور میں رن لیتے ہوئے پروٹیز بولر بیوران ہینڈرکس کو کندھا مارا تھا۔

اس واقعے کے بعد کوہلی کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹس کا اضافہ کیا گیا ہے اور جنوری 2018 کے بعد تیسری بار انہیں ڈی میرٹ پوائنٹس دیے گئے ہیں۔

اس سے قبل انہیں 2018 میں جنوبی افریقا ہی کے خلاف ٹیسٹ اور ورلڈکپ میں افغانستان کے خلاف میچ میں بھی غیر ضروری اپیلیں کرنے پر ڈی میرٹ پوائنٹس دیے گئے تھے۔

لیول ایک کی خلاف ورزی پر کھلاڑی کو سرزنش، میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس کی سزا دی جاتی ہے۔