گرمی کی شدت بڑھتے ہی ملک بھر میں بجلی کا بحران شدید

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) ملک بھر میں شدید گرمی پڑرہی ہے، سورج آگ کے گولے برسا رہا ہے، ایسے میں 14 سے 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔ مختلف شہروں میں عوام سراپا احتجاج ہیں سندھ کے شہری علاقوں میں بجلی بندش کا دورانیہ 12 سے 14 جبکہ دیہاتوں میں 16 سے 18 گھنٹے تک ہے۔

صورتحال کے خلاف مختلف شہروں میں عوام سراپا احتجاج ہیں۔ حیدرآباد میں رات گئے احتجاج ہوا، شہریوں نے اپیل کی ہے کہ موسم کی سختی کے پیش نظر لوگوں پر رحم کرتے ہوئے غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے گریز کیا جائے۔

لاڑکانہ میں 22 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کے خلاف گزشتہ روز پرتشدد مظاہرہ دیکھنے میں آیا جس کیخلاف تھانہ سول لائن میں 2 ہزار نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، پرتشدد احتجاج کے خلاف واپڈا ہائیڈروالیکٹرک سینٹرل لیبر یونین سندھ کے مختلف شہروں میں کام چھوڑ ہڑتال کررہے ہیں۔

پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں بھی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام کا جینا محال ہے، بجلی کی طویل بندش سے شہری پریشان ہیں۔ خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ لائٹ جائے تو آنے کا نام نہیں لیتی۔