وزیر ستان کے طلبہ کی بحالی کے لئے اقدامات ناگزیز ہیں : زبیر حفیظ

Lahore

Lahore

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہاہے کہ شمالی وزیرستان آپریشن سے متاثرہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے اقدامات ناگزیز ہیں ۔ طلبہ امدادی کیمپوں میں بے یار و مددگار پڑھے ہیں ان کے تعلیمی نقصان کے ازالے کے لئے کوئی اقدمات نہیں کئے جا رہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان اور صوابی میں طلبہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کے فری کوچنگ تعلیم نقصان کے ازالے کے لئے ایک اہم قدم ہوں گے۔ امدادی کیمپوں میں طلبہ کے لئے کوچنگ سینٹرز کے قیام کے لئے خیبر پختونخواہ جمعیت نے ابتدائی کام کا آغاز کردیا ہے۔

کارکنان جمعیت وزیرستان کے طلبہ کی تعلیمی معاونت کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں اور وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔ زبیر حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ قوموں کی ترقی اور کامیابی تعلیم میں ہے۔ عوام کے دل تعلیمی سہولیات عام کر کے جیتے جا سکتے ہیں ۔ تعلیم معاشرے میں اعلیٰ اقدار کے فروغ کا ذریعہ ہے۔وہی معاشرے ترقی کے زینے چڑھتے ہیں جو تعلیم کو ترجیح میں رکھتے ہیں ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آپریشن سے متاثرہ علاقوں کے طلبہ کو مفت تعلیم اور اسکالر شپس فراہم کی جائیں۔