کارکنوں کی عدم موجودگی چھپانے کیلئے پی ٹی آئی بسیں روکنے کا بہانا بنا رہی ہے، رانا ثناء اللہ

Rana Sanaullah

Rana Sanaullah

لاہور (جیوڈیسک) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ امیدواروں کو ساتھ رکھنے کے لیے دھاندلی کے الزامات لگانا تحریک انصاف کی مجبوری ہے، پنجاب میں 165 دھاندلی کی درخواستوں میں صرف پندرہ تحریک انصاف کی ہیں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فیصل آباد میں پی ٹی آئی کی کسی بس کو نہیں روکا گیا بلکہ میں خود بسیں فراہم کرنے کیلئے تیار ہوں، حقائق یہ ہیں کہ پی ٹی آئی کہ جانب سے ٹرانسپورٹرز کو کارکنوں کو دس دس بسیں اسلام آباد لانے کیلئے کہا گیا ہے لیکن ٹرانسپورٹرز کے پاس دس دس بسوں کے لیے کارکن نہیں ہیں جس کو چھپانے کے لیے بسوں کو روکنے کا بہانا بنایا گیا ہے ہمیں پتہ ہے ہم بھی یہ ہی کام کرتے رہے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام کو سیاست سے آگاہی دی جائے اور میچور کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے 60 حلقوں سے پی ٹی آئی کی ضمانتیں ضبط ہوئی ہیں۔ عمران خان کو کسی پر یقین ہی نہیں تو تحقیقات کیسے ہوں گی۔ صرف اللہ تعالیٰ کی ذات چھوڑ کر انھوں نے سب کو مورد الزام ٹہرا دیا ہے ۔