کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ بند نہ ہوئی تو دفاع کا حق رکھتے ہیں : متحدہ

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ کراچی کے امن کی خاطر کارکنان کے قتل اور قانون نافذ کرنے والے ادروں کی جانب سیغیر قانونی گرفتاریوں کو برداشت کر رہے ہیں اگر کارکنان کی قتل وغارت گری فی الفور بند نہ کرائی گئی تو پھر اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ خورشید بیگم سیکرٹریٹ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے رکن عامر خان کا کہنا تھا کہ شہر میں بھاری عوامی مینڈیٹ رکھنے والی جماعت ایم کیو ایم کے ذمہ داران اور کارکنان کو لیاری گینگ وار اور فرقہ پرست تنظیموں کے دہشتگردوں کی جانب سے دن دھاڑے قتل کیا۔

جارہا ہے اور صرف رواں ماہ میں 9 کارکنان قتل کیے جاچکے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اس قتل و غارت گری کو روکنے کے بجائے حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سب الٹی گنگا بہا رہے ہیں۔ عامر خان کا کہنا تھا کہ شہر کے امن کی خاطر ایم کیو ایم یہ ظلم جھیل رہی ہے لیکن ایم کیو ایم کے اس عمل کو اسکی کمزوری ہرگز نہ سمجھا جائے۔

ایم کیو ایم ماضی میں بھی دہشتگردوں اور پولیس اور رینجرز کی غیر قانونی کارروائیوں کا سامنا کرچکی ہے ۔ عامر خان کا کہنا ہے کہ سرکاری سرپرستی میں گینگ وار کے دہشتگردوں نے کچھی برداری پر لشکر کشی کی اوران کے گھروں پر قبضہ کر لیا۔

رابطہ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر کے امن کے لیے دہشتگردوں کی کمین گاہوں پر فی الفور کارروائی کریں اور ان کی سرکاری سرپرستی بند کر کے عوام کے جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جائے۔