دنیا کے کئی ملکوں میں یوم عاشور منایا جارہا ہے

Ashura day

Ashura day

کراچی (جیوڈیسک) شہادت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور اہل بیت کی قربانیوں کی یاد میں دنیا کے کئی ممالک میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔ مجالس برپا کی جارہی ہیں اور عزاداران ماتمی جلوس نکال رہے ہیں۔

حضرت امام حسین ؓ نے میدان کربلا میں اپنے 72 رفقاء کے ساتھ جانوں کا نذرانہ پیش کر کے اپنے نانا حضور اکرم ﷺ کے دین کو سربلند کیا۔دنیا کے مختلف ممالک میں آج اسی دن کی یاد کو تازہ کی جارہا ہے۔ عراق میں یوم عاشور پر ہائی الرٹ ہے۔

لاکھوں زائرین نجف اور کربلا میں پرسہ دیں گے۔ کربلا میں 26 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں ، جن میں 1500 خواتین پولیس اہلکار شامل ہیں۔ ہیلی کاپٹروں سے زائرین کی نگرانی بھی کی جائے گی۔ ایران میں ہزاروں سوگواران نے ماتمی جلوس نکالے اور نوحہ خوانی کی۔ افغانستان میں بھی یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا۔

کابل میں سیکڑوں عزاداران نے سینہ کوبی اور واقعہ کربلا کی یاد میٕں نوحہ خوانی کی۔کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں عاشورہ محرم انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ کوئینز پارک ڈاؤن ٹاؤن سےذوالجناح برآمد ہوا عزاداران نے غم حسین تازہ کیا۔

اور ثنا خوان حسین نے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ امریکا میں بھی نیویارک کے مرکزی علاقے مین ہیٹن میں یوم عاشورہ کاماتمی جلوس پارک ایونیو سے نکالا گیا۔ جلوس کے شرکا سے ذاکرین نے خطاب کیا اور نوحہ خوانی بھی کی۔