دنیا بھر میں کشمیری آج یوم الحاق پاکستان منا رہے ہیں

Pakistan Accession Day

Pakistan Accession Day

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں کشمیری آج یوم الحاق پاکستان منا رہے ہیں۔ یوم الحاق پاکستان کے موقع پر دنیا بھر میں تقاریب اور مظاہروں کا اہتمام کیا جائے گا، بھارتی قبضے سے آزادی اور جموں و کشمیر کا پاکستان سے الحاق یقینی بنانے کے لیے جدوجہد تیز کرنے کے عہد کی تجدید بھی کی جائے گی۔

کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں نے 19 جولائی 1947 کو سری نگر میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے اجلاس میں پاکستان سے الحاق کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی تھی لیکن 26 اکتوبر 1947 کو کشمیر کے مہا راجا نے عوامی خواہشات کے برخلاف بھارت سے الحاق کا اعلان کر دیا جس کے بعد وادی میں بھارتی فورسز داخل ہوگئیں اور نہتے کشمیریوں پر نہ رکنے والے ظلم وستم کی ابتدا ہو گئی۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق ان سات دہائیوں میں پانچ لاکھ کشمیریوں نے مقبوضہ وادی کی آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا ہے۔

بھارتی سیکورٹی فورسز کے بدترین مظالم اور کٹھ پتلی انتظامیہ کے ہتھکنڈے بھی کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت نہیں نکال سکے ہیں۔