دنیا میں پولیو کے پھیلاؤ کی وجہ سے پاکستانیوں پر بین الاقوامی سفری پابندیوں کا خدشہ

Pakistan

Pakistan

جنیوا (جیوڈیسک) دنیا میں پولیو کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پاکستانیوں پر بیرون ملک سفر پر پابندیاں عائد کئے جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

گزشتہ دنوں عالمی ادارۂ صحت نے دنیا میں پولیو کے بڑھتے مرض پر قابو پانے کے لئے جنیوا میں ایک اجلاس ہوا جس میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور مبصرین نے شرکت کی، اجلاس میں ان شواہد پر غور کیا گیا جس کے مطابق پولیو کا وائرس ایک مرتبہ پھر ان ممالک میں دوبارہ پھیل رہا ہے جہاں اس کا خاتمہ ہوچکا تھا۔

گزشتہ برس تک بچوں کو زندگی بھر معذور کرنے والا یہ مرض دنیا می صرف پاکستان، افغانستان اور نائیجیریا میں پایا جاتا تھا مگر حال ہی میں اس بیماری نے شام اور عراق سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں دوبارہ سر اٹھایا ہے اور تحقیق سے شواہد ملے ہیں کہ ان ممالک میں یہ مرض پھیلنے کی سب سے بڑی وجہ پاکستان ہے۔

عالمی ادارہ صحت تازہ ترین تحقیق اور شواہد کی رو سے نئے لائحہ عمل کا اعلان کرنے والا ہے اور اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ جس میں پاکستانیوں پر بیرون ملک سفر سے متعلق پابندیاں عائد بھی شامل ہو سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں پولیو کیسوں کی تعداد میں اس سال اب تک 600 فیصد اضافہ ہوا ہے، 2013 میں اپریل تک پاکستان میں پولیو کے8 کیس سامنے آئے تھے جبکہ اس سال 56 کیس منظرِعام پر آئے ہیں۔