پوری دنیا میں چاہنے والے موجود ہیں لیکن سب سے زیادہ پیار پاکستانی کرتے ہیں، باکسر عامر خان

Amir Khan

Amir Khan

کراچی (جیوڈیسک) پاکستانی نزاد برطانوی باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ ان کے پوری دنیا میں چاہنے والے موجود ہیں لیکن مجھے سب سے زیادہ پیار کرنے والے پاکسانی ہیں۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ باکسر کے لئے ہر فائٹ اہم ہوتی ہے، 3 مئی کو لاس ویگاس میں امریکی باکسر لوئس کولاز کے خلاف اپنے ویلٹر ویٹ کریئر کا آغاز فاتحانہ انداز میں کرنا چاہتا ہوں، لوئس کولاز مجھ سے تھوڑا تجربہ کار ضرور ہے لیکن اللہ کی مدد اور چاہنے والوں کی دعاؤں سے کامیابی میرا مقدر بنے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے، ایک سال تک رنگ سے باہر رہنے کے بعد لوئس کولاز سے مقابلے کے لئے سخت محنت کر رہا ہوں۔

عامر خان نے کہا کہ امریکا اور برطانیہ سمیت پوری دنیا میں چاہنے والے موجود ہیں لیکن مجھے سب سے زیادہ پیار پاکستانی کرتے ہیں۔ اہلیہ اور والدہ کو فائٹ سے بہت ڈر لگتا ہے اس لئے وہ فائٹ دیکھنےنہیں آتیں بس ہوٹل کے کمرے میں رہ کر نماز اور قرآن پاک کی تلاوت کر کے میری جیت کے لئے دعا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئس کلازو سے مقابلہ جیت کر اپنے گھر والوں، پاکستان سمیت پوری دنیا میں چاہنے والوں کو جیت کا تحفہ دینا چاہتا ہوں۔

واضح رہے کہ 27 سالہ عامر خان نے اب تک 31 مقابلوں میں سے 28 جیتیں جن میں سے 19 میں حریف کوناک آوٹ کیا اور 3 مقابلوں میں عامر خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ عامر خان کے حریف 33 سالہ لوئس کولاز 39 میں سے 35 مقابلوں میں مخالف کو چت کر چکے ہیں۔