سالانہ4 لاکھ موٹرسائیکلز تیار کریں گے ، سومیوکا

Yamaha

Yamaha

(جیوڈیسک)یاماہا موٹرز جاپان جدید ترین بین الاقوامی معیار کے موٹرسائیکلز کی مینو فیکچرنگ کیلئے150 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی، پاکستان میں کمپنی یاماہا موٹرز پاکستان کے نام سے کام کرے گی، یاماہا موٹرز جاپان کے سینئر ایگزیکٹو آفیسر سومیوکا نے سرمایہ کاری بورڈ میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ کمپنی کی رجسٹریشن کیلئے سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کو درخواست جمع کروا دی گئی ہے،50 ایکڑ رقبہ پر فیکٹری کی تعمیر کا کام اٹھارہ ماہ میں مکمل کرلیا جائے گاجبکہ پیداوار کا آغاز2015 سے ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں سالانہ4 لاکھ موٹر سائیکلز تیار کئے جائیں گے،اور بن قاسم انڈسٹریل پارک میں تعمیر کئے جانے والے پلانٹ سے ایک سو سی سی تک انجن کے موٹر سائیکل تیار کئے جائیں گے،انہوں نے بتایا کہ پیداوار کے پہلے سال25 فیصد پیداوار مقامی ہوگی ، جس کو پانچ سال کے دوران بڑھا کر85 فیصد تک کردیا جائے گا ، جس سے ملک میں ٹیکنالوجی کی ٹرانسفر ہوگی،پلانٹ سے2 ہزار لوگوں کو براہ راست روزگار دستیاب ہوگا جبکہ بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔

سومیوکا نے کہا کہ پہلے سال پلانٹ کی پیداوار 40 ہزار یونٹ ہوگی جس کو2020 تک پانچ سال کے دوران4 لاکھ یونٹس سالانہ تک بڑھایا جائے گا، سرمایہ کاری بورڈ کے جاپان میں اعزازی سرمایہ کاری قونصلر فیروز شاہ نے اس موقع پر کہا کہ یاماہا جاپان کی سرمایہ کاری سے ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور بہترین معیار کی موٹر سائیکلز تیار کرنے میں مدد ملے گی ۔