ڈاکٹر طاہر القادری کی طرف سے کراچی اور لاہور سانحات میں بے سہارا ہو جانیوالے بچوں کی کفالت کا اعلان

tahir ul qadri

tahir ul qadri

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ کراچی اور لاہور میں آتشزدگی کے افسوسناک سانحات میں ہونیوالی انسانی ہلاکتوں پر ساری قوم سوگوار ہے۔ان اندوہناک سانحات کی صورت میں رونما ہونیوالے انسانی المیے نے سینکڑوں گھروں کے چراغ ہی گل نہیں کئے بلکہ ان گھرانوںکیلئے سنگین اقتصادی مشکلات بھی پیدا کی ہیں۔جاں بحق ہونیوالے اکثر مزدور اپنے خاندانوں کے واحد کفیل تھے ۔شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اس خوفناک حادثے میں بے سہارا اور یتیم ہو جانے والے مستقبل کے معماروں کو منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے تحت قائم یتیم و بے سہارا بچوں کی کفالت کے عظیم منصوبے آغوش میں لینے کا اعلان کیا ہے۔

منہاج ویلفیئر فائونڈیشن ان بچوں کی تعلیم و تربیت ،رہائش اورکفالت کا مکمل ذمہ اٹھائے گی اور ان متاثرہ بچوں کو معاشرے کا مفید شہری بننے کا موقع فراہم کرے گی ۔شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ دھرتی پر دکھوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے تو یہ یقینا ہمارے بد اعمال کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ان انسانی المیوں سے نجات کے اسباب پر بھی نگاہ ڈالنا ہو گی اور اپنے ناراض رب کو راضی کرنے کے جتن بھی کرنا ہو نگے۔ساری قوم کو اجتماعی طور پر توبہ کرنے کا اہتمام کرنا چاہیے اور خدا کے حضور سر بسجود ہو کر اپنے گناہوں کی معافی مانگنی چاہیے۔انہوں نے لاہور اور کراچی میں آتشزدگی کے واقعات سے ہونیوالے انسانی جانوں کے ضیاع کو عظیم قومی سانحہ قرار دیا۔