اجمل کے بولنگ ایکشن میں کوئی خرابی نہیں: آئی سی سی

saeed

saeed

پاکستان : (جیوڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی سپنر سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بولنگ سٹائل میں کوئی خرابی نہیں دیکھی گئی ہے۔

آئی سی سی نے سعید اجمل کے ایکشن کے حوالے سے وضاحت بھارتی ذرائع ابلاغ میں آنے والی ایسی اطلاعات کے بعد کی ہے جن میں دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی ٹیم مینجمنٹ نے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن سے متعلق آئی سی سی کے حکام سے بات چیت کی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق انڈیا کے ایک نجی چینل نے گمنام ذرائع کے حوالے سے خبر دی تھی کہ اتوار کو انڈیا اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے میچ کے بعد انڈیا کی ٹیم مینجمنٹ نے سعید اجمل کے ایکشن سے متعلق آئی سی سی سے بات چیت کی تھی۔

تاہم آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ کا کہنا ہے کہ آف سپنر کے بولنگ سٹائل میں کوئی خرابی نہیں دیکھی گئی۔انہوں نے کہا ہم نے اجمل کا ٹیسٹ کیا ہے، میچ کے دوران انہیں چیک اور مانیٹر کیا ہے، اور وہ مقرر کردہ حد کے اندر رہ کر بولنگ کرتے ہیں۔ہمیں اس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ آنکھیں کیا دیکھ رہی ہیں اور حقیقت کیا ہے۔

اجمل نے اس میچ میں سچن تندولکر کو آؤٹ کیا۔ اس میچ میں انڈیا نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔ یہ گزشتہ برس موہالی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ سیمی فائنل کے بعد پاکستان اور انڈیا کا پہلا میچ تھا۔ چونتیس سالہ سعید اجمل نے 2008 میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا اور انہوں نے بیس ٹیسٹ اور تریسٹھ ون ڈے میچ کھیلے ہیں۔ وہ اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ اپنے بولنگ ایکشن کے باعث خبروں میں رہے ہیں۔

ان کے بولنگ ایکشن سے متعلق پہلی شکایت 2009 میں عرب امارات میں آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے دوران میچ کے حکام کی جانب سے کی گئی تھی۔

اس کے بعد حال ہی میں عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی سیریز میں بھی ان کے ایکشن کے بارے میں سوال اٹھائے گئے تھے لیکن آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کے ایکشن سے متعلق اعتراضات کو رد کر دیا تھا۔