اختر رسول پاکستان ہاکی کے ہیڈ کوچ اور مینیجر

hockey

hockey

لاہور : (جیو ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے کوچ مشل وین ڈین کو ان کے عہدے سے برطرف کر کے اختر رسول کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ اور مینجر مقرر کیا ہے جبکہ خواجہ جنید کوچ بنائے گئے ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جمعرات کو لاہور میں ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس طلب کیا تھا جس کا مقصد اولمپکس کے لیے ٹیم کی بہتر تیاری کے مشاورت کرنا تھا۔ اس اجلاس میں حنیف خان، اختر رسول اور خواجہ جنید کو خاص طور پر مدعو کیا گیا۔ طویل اجلاس کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیاء نے اعلان کیا کہ وہ مشل وین ڈین کو معاہدے کی خلاف ورزی پر ان کے عہدے سے ہٹا رہے ہیں جبکہ اختر رسول کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

اختر رسول نے سنہ انیس سو اٹہتر اور سنہ انیس سو بیاسی کے عالمی کپ میں شرکت کی۔ یہ دونوں ورلڈ کپ پاکستان نے جیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ جنید قومی ٹیم کے کوچ ہوں گے جبکہ اجمل خان اور قومی ٹیم کے سابق گول کیپر شاہد علی خان معاون کوچ کی ذمہ داری نبھائیں گے۔ یاد رہے کہ مشل وین ڈین یہ واضح کر چکے تھے کہ وہ پاکستان کی ٹیم کی کوچنگ کرنا چاھتے ہیں اور انہوں نے کہا تھا کہ ڈچ کلب سے معاہدہ کر کے انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ کیے گئے معاہدے سے خلاف ورزی نہیں کی۔

بھارت میں کھیلی جا رہی ہاکی لیگ میں شرکت کرنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کے بارے میں کیے گیے سوال پر قاسم ضیاء نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کا فیصلہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے آئین کے مطابق کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کا مؤقف بھی سنا جائے گا۔ ان کھلاڑیوں کا معاملہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ڈسپلنری کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے۔