اختر گورچانی انوسٹی گیشن بیورو کے سربراہ مقرر

akhtar gorchani

akhtar gorchani

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) ایڈیشنل آئی جی کراچی اختر حسین خان گورچانی کو آئی بی کا سربراہ مقرر کردیا گیا۔ وزارت داخلہ نے ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ۔

اختر حسن خان گورچانی کے نام انوسٹی گیشن بیورو کی سربراہی کا قرعہ فال نکل آیا۔ وزارت داخلہ نے ان کو ڈائریکٹر جنرل انوسٹی گیشن بیورو تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ۔

وہ اس سے پہلے محکمہ پولیس میں اعلی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں ۔جن میں ایڈیشنل آئی جی کراچی آر پی اوملتان۔ڈی آئی جی لاڑکانہ،سندھ کے پانچ اور پنجاب کے دو اضلاع میں ایس ایس پی کے عہدے پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔ بطور ایس ایس پی حیدرآباد تعیناتی میں انہوں نے پچیس مئی انیس سو اٹھانوے کو پی آئی اے کے طیارے کی ہائی جیکنگ کی کوشش ناکام بنائی۔جس پراس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے انہیں شاندار خدمات پرتعریفی خط لکھا ۔

وہ کوسوو میں جاری یو این امن مشن میں بھی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔ اخترحسین گورچانی کا شمار پیپلزپارٹی کے پسندیدہ پولیس افسران میں کیاجاتا ہے۔ محکمہ پولیس کے حوالے سے کتابیں بھی تحریر کرچکے ہیں،ان کے صاحبزادے سردار اطہرحسن خان پنجاب کے ضلع راجن پور سے پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی ہیں۔