ارسلان افتخار کیس،سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی

arsalan iftikhar chaudhry

arsalan iftikhar chaudhry

اسلام آباد : (جیو ڈیسک)چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کے بیٹے ارسلان افتخار کیس کی سماعت آج سے روزآنہ کی بنیاد پر ہورہی ہے۔ ملک ریاض نے فوری طور پر وطن واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ وطن واپس آکر سپریم کورٹ میں اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔ ملک ریاض نے کہا کہ وہ عدالت کا احترام کرتے ہیں اس لئے انہوں نے فوری طور پر وطن واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے انہیں ایک ہفتے آرام کی ہدایت کی تھی لیکن صورتحال کے پیش نظر انہوں نے فوری واپس آنے کا فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ارسلان کیس میں سپریم کورٹ کے احکامات کا احترام کرتے ہیں اس لئے وہ واپس آکر عدالت عظمی میں اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔ارسلان کیس میں ملک ریاض کے وکیل زاہد بخاری نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ملک ریاض عدالت کے احترام میں فوری طور پر وطن واپس آرہے ہیں ۔سپریم کورٹ میں ارسلان افتخار کیس کی سماعت آج ہو رہی ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سر براہی میں سپریم کورٹ کا دو رکنی بینچ اس کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے گا۔

اس سے قبل ارسلان افتخار پانچ صفحات پر مشتمل تحریری بیان سپریم کورٹ میں جمع کرا چکے ہیں جس میں ارسلان افتخار نے اپنے اوپر لگے تمام الزامات اور زیر گردش اطلاعات کی تردید کر دی ہے۔ ارسلان افتخار کا کہنا ہے کہ ان کا ملک ریاض یا ان کے کسی رشتہ دار سے کوئی تعلق نہیں جبکہ دوسری جانب چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ملک ریاض حسین کے وکیل زاہد بخاری کی جانب سے لارجر بینچ تشکیل دینے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔