اسلامی اقدار سے دوری ، معیار ی نظام تعلیم اور پاکستان کی ترقی و سالمیت کیلئے زہر قاتل ہے ، زبیر صفدر

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا تین روزہ اجتماع برائے ارکان کا انعقاد پشاور میں جاری ہے۔ جس میں ہزاروں ارکان جمعیت شریک ہیں۔ تین روزہ اجتماع کے پہلے روز سابق صوبائی وزیرو نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق،سابق ناظم اعلیٰ و جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ راشد نسیم، معروف عالم دین شمس الحق حنیف اور ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان زبیر صفدر نے خطاب کیا۔

سالانہ اجتماع برائے ارکان کے پہلے سیشن سے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر و سابق صوبائی وزیر خزانہ سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم تعلیمی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کریں گے اور صوبہ بھر میں علاج اور تعلیم کی مفت سہولت مہیا کریں گے۔ تعلیمی ترقی ہی اصل میں ترقی ہے۔ تعلیمی نظام کی بہتری سے ہم ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔ جماعت اسلامی نے تعلیمی ترقی اور روزگار کی فراہمی کے لیے ایک ہمہ گیر اور جامع منشور پیش کر دیا ہے۔ قوم حقیقی ترقی کے لیے ساتھ دے۔ موجودہ مخلوط حکومت کی امریکی نواز پالیسیوں کے باعث پاکستان کو تیسری عالمی جنگ کی جانب دھکیلا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکمران ڈالروں کی خاطر لاشوں کی تجارت کر رہے ہیں۔انہیں عوام کے مفاد سے کوئی سروکار نہیں۔ ملک کو تعلیمی لحاظ سے نئی جہت سے متعارف کروائیں گے۔ نوجوانوں کوتعلیم اور روزگار فراہم کریں گے۔ تعلیم کو عام آدمی کے لیے مشکل بنا دیا گیا ہے ترقی کے لیے تعلیم کو عام کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل ہی امریکہ کے خفیہ اداروں نے اپنے من پسند امیدوار لانے کیلئے نگرانی اور سپورٹ شروع کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ A.N.P. پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت عوام کو مزید بیوقوف نہیں بنا سکتی۔ امریکہ کی نام نہاد دہشتگردی کے خلاف جنگ سے انہیں باہر آنا ہو گا۔ جماعت اسلامی اپنے نشان ترازوکے ساتھ انتخابات میں اتر کر اقتدار میں آئے گی اور ملک میں اسلام کا عادلانہ نظام قائم کرے گی۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تعلیمی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کریں گے اور صوبہ بھر میں علاج اور تعلیم کی مفت سہولت مہیا کریں گے۔

انہوں نے زور دیکر کہا کہ ہم صوبہ KPK کو نوجوانوں کیلئے تعلیم اور کاروبار کیلئے انڈسٹریل زون بنادیں گے۔ تاجر اور ٹرانسپورٹرز کے جان و مال ، تجارت و انڈسٹری کو تحفظ فراہم کریں گے اور تاجر کی رسائی تاجکستان کی مارکیٹوں تک آسان بنادیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ملک کو بہترین قیادت فراہم کرے گی جو عوام کا درد سمجھتی ہو۔ عوام کا درد رکھنے والی قیادت دعویٰ نہیں بلکہ عوامی کام کرے گی۔

جماعت اسلامی نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے قوم کے سامنے اپنا منشور پیش کر دیا ہے۔ ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان زبیر صفدرنے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ تعلیمی اداروں اسلامی نظام تعلیم و اقدار کے نفاظ کیلئے کوشاں ہیں 60 واں اجتماع ارکان اس کوشش کو آگے بڑھانے کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس اجتماع ارکان میں ہمیں اپنا جائزہ لیتے ہوئے یہ دیکھنا ہوگا کہ ہم اپنے مقصد کو کہاں تک حاصل کرسکے۔

اگر اس میں کچھ کمی ہے تو ہمیں اسکو پورا کرکے اپنی کوششوں کو مزید بہتر کرنا ہو گا کیونکہ تعلیمی اداروں میں اسلامی اقدار سے دوری ،معیاری نظام تعلیم اور پاکستان کی ترقی و سالمیت کیلئے زہر قاتل ہے۔ سابق ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان راشد نسیم نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ گذشتہ60 سالوں
سے طلباء کی رہنمائی کررہی ہے۔

طلبہ یونین کی پابندی کے بعد سے جب طلبہ اپنے جمہوری حق سے محروم تھے اور ایسے میں طلبہ کو بے پناہ مسائل سے دوچار تھے تو جمعیت نے ہی طلبہ مسائل کے حل کیلئے ناصرف آواز اٹھائی بلکہ طلبہ کیلئے تعلیم دوست سرگرمیوں کا انعقاد کیا جن میں کتب میلے، اسٹڈی سرکل،نئے طلبہ کے اعزاز میں استقبالیہ، غریب طلبہ کیلئے بک بینک اور ہفتہ کتب کا انعقاد کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ ملک کو نظریاتی طور پر مضبوط کرنے کے لیے نوجوانوں کی نظریاتی تربیت کی ضرورت ہے۔ جمعیت قیام پاکستان سے نوجوانوں کی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اجتماع سے مولانا شمس الحق حنیف ، عبدالشکور نے بھی خطاب کیا۔

جاری کردہ
مرکزی میڈیا سیل
اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان
0306-8884353/0346-5265947