اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے زیراہتمام تین روزہ اسٹوڈنٹ ایکسپو آج سے گورنمنٹ سائنس کالج میں شروع ہو گا

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ لاہوراپنی سنہری روایات کو برقرار رکھتے ہوئے تین روزہ اسٹوڈنٹس ایکسپو کا انعقاد کر رہی ہے۔ طلبہ کی ذہنی اور فکری نشوونما کے لئے تین روزہ اسٹوڈنٹس ایکسپو آج سے گورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڈ لاہور میں شروع ہو رہا ہے۔

ایکسپو کا افتتاح دن 10بجے کالج پرنسپل اور ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور مدثراحمد شاہ کریں گے،۔ ایکسپو میں عالمی ادارہ دارالسلام کی جانب سے فہم سیرت نمائش کا اہتمام کیا جائے گا جس میں مکہ اور مدینہ کے نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دورکے خصوصی ماڈلزپیش کئے جائیں گے اس کے علاوہ کمیوٹر ایگزیبیشن ،کتاب میلہ جس میں طلبہ کے لئے خصوصی طور پر 60%ڈسکائونٹ دی جائے گی۔

طالبات اور خواتین کے لئے خصوصی سٹالز ،بچوں کے لئے خصوصی سٹالز اور گیمنگ زون ،لاہور کی مختلف یونیورسٹیز کے سٹالزکے ساتھ ساتھ کھانے پینے کے مختلف سٹالز لگائے جائیں گے۔ ایکسپو میں طلبہ وطالبات کی بڑی تعداد کے علاوہ سول سوسائٹی اور فیملیز کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔دریں اثناناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور نے اپنی ٹیم کے ہمراہ گورنمنٹ سائنس کالج کا دورہ کیا اور ایکسپو کے انتظامات کا جائزہ لیا۔