اسلام آباد میں خواتین تاجروں اور صنعتکاروں کی نمائش

IWCCI

IWCCI

اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد وومن چیمبر کے زیر اہتمام اسلام آباد ایکسپو 2013 کے انعقاد کیلئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ، اس سلسلے میں اسلام آباد وومن چیمبر کی بانی صدر ثمینہ فاضل نے کہا کہ کاروباری خواتین میں نمائشوں کا رجحان حوصلہ افزا ہے ، جو ان کی معاشی حالت بہتراور با اختیار بنانے کے لئے ضروری ہے ،نمائشیں صرف اقتصادی سرگرمی کا نام نہیں بلکہ اس سے تعلقات میں اضافہ، سرمایہ کاری کے نئے مواقع، نئے تجربات اوربا صلاحیت افراد کو آگے آنے کا موقع بھی ملتا ہے،وہ اسلام آباد ایکسپو 2013 کے انعقاد کے سلسلہ میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔

وومن چیمبر کی سابقہ نائب صدر اور نمائشوں سے متعلق قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن نائمہ انصاری نے کہا کہ خواتین کی حالت بہتر بنائے بغیر ترقی ناممکن ہے اور انھیں مواقع کی فراہمی، مسابقت کے قابل بنانا اور کاروباری کے نت نئے راستوں کی تلاش کے قابل بنانا سب کی ذمہ داری ہے، خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنے تک پاکستان گھرانوں کی اکثریت غربت کا شکار رہیں گے۔