اسنوکر چیمپین محمدآصف اعلان کردہ انعامی رقم سے تاحال محروم

Masif Snocker

Masif Snocker

پاکستان (جیوڈیسک)اسنوکر کے عالمی چیمپین محمد آصف فنڈز کی کمی کی وجہ سے پروفیشنل چیمپین شپ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ عالمی چیمپین کو تین صوبائی حکومتوں کی جانب سے اعلان کردہ رقم تاحال نہیں ملی ہے۔

برا کیا جو تیرے وعدے پہ اعتبار کیا۔ جی ہاں یہ مصرعہ صادق آتا ہے اسنوکر کے کھیل میں پاکستان کا نام بلند کرنے والے محمد آصف پر جن کے عالمی چیمپین بننے پر سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومتوں نے دس دس لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا تھا ۔ جس کا خوب چرچا بھی ہوا۔ لیکن شاید یہ حکومتیں اپنے اعلان کو سیاسی بیان سمجھ کر بھول گئیں اور مہینوں گزرنے کے بعد بھی یہ وعدہ وفا نہ ہوسکا ہے۔

اب ان حکومتوں کا اختتام بھی دو ایک روز میں ہوجائے گا۔ پھر محمد آصف کو یہ انعام کون دے گا۔ اب تو آصف بھی کہہ اٹھے ہیں کہ اگر انعام نہ دینا ہو تو پھر اعلان ہی کیوں کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے وہ پروفیشنل چیمپین شپ میں بھی شرکت نہیں کرسکیں گے۔ اگر صوبائی حکومتیں جاتے جاتے اپنا وعدہ پورا کردیں تو ہوسکتا ہے کہ محمد آصف ملک کے لیے ایک اور اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں۔