اصغر خان کیس رقم کی تقسیم یا وصولی کا نہیں بلکہ جمہوریت کے قتل اور مینڈیٹ چرانے کا ہے، چوہدری خورشید زمان

اسلام آباد : تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل چوہدری خورشید زمان نے کہا ہے کہ اصغرخان کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ گوکہ ادھورے انصاف کے مترادف ہے کیونکہ اس فیصلے میں جمہوریت کے قتل اور مینڈیٹ چرانے کی سازش کا اعتراف تو کیا گیا ہے مگر اس سازش کے تانے بانے بننے والوں کو کسی منطقی انجام تک پہنچایا گیا ہے اور نہ ہی جمہوریت کے قتل میں ہتھیار کا کردار ادا کرنے والے مفاد پرست سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں مگر اس کے باجود بھی چور کی داڑھی میں تنکا کے مترادف وہ تمام لوگ اس فیصلے کے خلاف شور مچارہے ہیں جمہوں نے کہیں نہ کہیں مینڈیٹ چرانے اور جمہوریت کے قتل میں اپنا اپنا کردار ادا کرکے جمہوریت دشمنی ‘ عوام دشمنی اور ملک و قوم سے غداری کا ثبوت دیا ہے۔

اسلئے عدلیہ کو اصغر خان کیس کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پورا انصاف کرنا چاہئے اور جرنیلوں کے خلاف کورٹ مارشل کے احکامات کے ساتھ اس جرم میں ملوث سیاستدانوں پر تاحیات پابندی لگاکر ان تمام سیاسی جماعتوں کو کالعدم قرار دینا چاہئے جن کے سربراہان نے ایجنسیوں سے پیسے لیکر جمہوریت کے قتل اور مینڈیٹ چراکر عوام وآئین کی تذلیل کے اسباب پیدا کئے۔